مؤثر رابطہ ایک دوطرفہ عمل ہے Effective communication is a two-way process.

مؤثر رابطہ ایک دوطرفہ عمل ہے    Effective communication is a two-way process.
موثر رابطہ ایک دوطرفہ عمل ہے

 

گفتگو کا انداز جس کے ذریعے معلومات کودرست, واضح اور ارادے کے مطابق دوسروں تک پہنچایا جاۓ ایک اہم مہارت ہے ۔ گفتگو کے انداز کو بہتر بنانے کی صلاحیت کسی بھی عمر میں حاصل کی جا سکتی ہے ۔

مؤثر انداز سے بات چیت کرنے کے قابل ہونا زندگی گزارنے کی اہم صلاحیتوں میں سب سے اہم صلاحیت ہے ۔یہ ہمیں دوسروں تک معلومات پہنچانے اور جو کچھ ہم سے کہا جاتا ہے اُسے سمجھنے کے قابل بناتی ہے ۔ جب ہم ایک چھوٹے بچے کو اپنی ماں کی باتیں غور سے سنتے اور انہی باتوں کو دہراتے دیکھتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ یہ کتنی بنیادی صلاحیت ہے ۔

آسان ترین الفاظ میں اسے اس طرح بیان کیا جاتا ہے کہ مواصلات یا اظہارِخیال معلومات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا ہے خواہ وہ زبانی یعنی گفتگو کے ذریعے ہو یا تحریری طور پر جیسے کتب یا رسائل کے ذریعے یا ویب سائیٹ اور ای میل کا استعمال کرتے ہوۓ ۔

سوشل میڈیا کے اس دور میں لوگوں سے مؤثر رابطہ پیدا کرنا باقاعدہ ایک فن کی شکل اختیار کر چکا ہے ۔ ہم مسلسل اس جدوجہد میں لگے رہتے ہیں کہ لوگوں سے بامقصد گفتگو کیسے کی جاۓ ۔

بات چیت کا انداز بنیادی طور پر ہمیں اپنے والدین یا دیگر گھر والوں سے وراثت میں ملتا ہے ۔ اسی طرح مؤثر رابطہ پیدا کرنے کی صلاحیت میں بھی گھر کا ماحول اہم اور بنیادی کردار ادا کرتا ہے ۔مثلاً کچھ خاندانوں میں براہِ راست گفتگو کو سراہا جاتا ہے اور کچھ ایسے خاندان ہیں جہاں مشکل معاملات کے بارے میں لب کشائی کو برا سمجھا جاتا ہے اور اہم معاملات میں گھر کے دیگر افراد کے ساتھ براہِ راست گفتگو کرنے کے بجاۓ خاموشی اختیار کرنا بہتر سمجھا جاتا ہے ۔

اظہارِ خیال یا گفتگو کے فن میں مہارت حاصل کرتے ہوۓ تمام عمر لگ سکتی ہے تاہم بہت سے ایسے عوامل ہیں جن پر عمل درآمد کر کے ہم مؤثر طریقے سے معلومات کو منتقل یا موصول کر سکتے ہیں ۔ رابطے کو مؤثر بنانے اور اپنی بات دوسروں تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ مقابل شخص کو سمجھنے کی کوشش کی جاۓاور اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جاۓ کہ وہ کس انداز میں بات چیت کرنے کا خواہش مند ہے تا کہ ہم اپنی بات اسے مؤثر انداز میں سمجھا سکیں ۔ جب ہم اپنے سامعین کو درست طور پر جان لیں تو پیغام کو درست طور پر تیار کرنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔اور اپنے سامعین کو جاننے کے لیے ضروری ہے کہ ان کی جانب سے مہیا کی گئی معلومات کو بغور سنا جاۓ ۔

ان کہے پیغامات کو سمجھنا

دوسروں سے گفتگو کے دوران بہت سے پیغامات ان کہے ہوتے ہیں جنہیں اندازوں سے سمجھا جاتا ہے ۔ اگر گفتگو فون کے ذریعے ہو یا تحریری ہو تو اسے سمجھنا اور بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔ ان کہے پیغامات کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ آواز کی ٹون,  جسم کی نقل و حرکت,  آنکھوں کے اشاروں یا چہرے کے تاثرات مثلاً پسینہ آ جانا یا دوسری جسمانی تبدیلیوں کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مہارت پیدا کی جاۓ۔

جذبات سے آگاہی اور جذبات کو سمجھنے کی صلاحیت

اگرچہ ہر شخص یہ چاہتا ہے کہ اپنے کام کو منطقی طور پر انجام دے اور جذباتی ہونے سے گریز کرے مگر ہم سب انسان ہیں اور فطرتاً جذباتی ہیں ہم اپنے جذبات کو گھر چھوڑ کر نہیں آ سکتے اور نہ ہی ہمیں ایسا کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے تاہم مثبت اور منفی دونوں طرح کے جذبات کو سمجھنے اور ان کو اپنے کنٹرول میں رکھنے کی مہارت ضرور ہونی چاہیئے ۔ اپنے اور دوسروں کے جذبات کی اس تفہیم کو جذباتی ذہانت کہتے ہیں۔

ذاتی زندگی میں اظہارِ خیال کا مؤثر انداز دوسروں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے اور تعلقات کو بہتر بنا سکتا ہے ۔ ذاتی تعلقات کے فروغ اور بہتری کے لیے اظہارِ خیال کے مؤثر انداز کی اشد ضرورت ہوتی ہے ۔ اکثر رشتوں اور خاندانوں میں تعلقات کی خرابی مؤثر اور درست انداز سے بات نہ کر سکنے اور دوسروں کو مؤثر انداز میں نہ سن سکنے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے ۔ آپ کی کاروباری زندگی میں بھی بات چیت میں مہارت باہمی روابط کو آسان بنا سکتی ے ۔ مؤثر گفتگو اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ آپ نے اپنا نقطۂ نظر پورے طور پر واضح کر دیا ہے اور دوسروں کے ردّ عمل کا جائزہ بھی لے لیا ہے ۔ اسی طرح مؤثر اور مناسب انداز میں شکایت کرنا بھی ایک اہم مہارت ہے مزید یہ کہ خود پر کی گئ تنقید کا جائزہ لینا اور اس سے مثبت انداز سے نمٹنا بھی مؤثر رابطے کا اہم حصہ ہے ۔

مؤثر رابطہ دراصل ایک دوطرفہ عمل ہے ۔ اس میں صرف معلومات بھیجنا ہی نہیں بلکہ وصول کرنا دونوں پہلو شامل ہیں ۔ اگر آپ معلومات بھیجنے والے ہیں تو واضح انداز میں بات چیت کریں چاہے تحریری انداز میں معلومات فراہم کرنا ہوں یا آمنے سامنے گفتگو کے ذریعے اور اگر آپ وصول کنندہ ہیں یعنی کسی سے معلومات حاصل کرنا چاہ رہے ہیں تو معلومات کو غور سے سنیں ۔ ان کی جانچ پڑتال کریں یا سوالات کریں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ آپ نے صورتِ حال کو مکمل طور پر سمجھ لیا ہے ۔ مختصر یہ کہ یہ ایک فعال عمل ہے جس میں اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے کے خیالات کو بہتر انداز میں سمجھ لیا گیا ہے ۔

 

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (3)
  • comment-avatar
    Faisal 3 years

    Excellent

  • comment-avatar
    Atiq ur Rehman 3 years

    Relevant and well said according to current situation

  • comment-avatar
    Naeem Bezad 3 years

    Excellent motivational piece of writing. Easy to digest and implementable steps for personality development focusing communication skills.

  • Disqus (0 )