کم بجٹ میں نئی منزلوں کی تلاش Exploring new destinations on a low budget
آپ دنیا دیکھنا چاہتے ہیں ،سفر کرنا اور نئے تجربات حاصل کرنا آپ کا مشغلہ ہے مگر ساتھ ہی ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی آپ کے راستے کئی دیوار بنتی جا رہی ہے تو کچھ مختلف انداز میں سوچیں اور نئے مواقع تلاش کریں ۔ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کام میں لاتے ہوئے کچھ ایسی منصوبہ بندی کریں کہ کم بجٹ میں نئی منزلوں کی تلاش آپ کے لئے ممکن ہو جائے ۔
چلئے کچھ ایسے ہی نکات پر غور کرتے ہیں جن پر عملدرآمد کر کے آپ کم بجٹ میں بھی اپنے گھومنے پھرنے کا شوق پورا کر سکتے ہیں۔
ایڈوانس بکنگ اور تاریخوں کا انتخاب:۔
جب بھی سیروسیاحت کے لئے کہیں جانے کا پروگرام بنائیں تو کوشش کریں کہ آف سیزن میں جائیں کیونکہ اس دوران پروازیں اور رہائش سستی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پرواز اور رہائش کی پیشگی بکنگ کروائیں کیونکہ ایڈوانس بکنگ میں اکثر بہتر ڈیلز اور ڈسکاؤنٹ میسر ہوتے ہیں۔
متبادل مقامات کی تلاش:۔
سیاحت کے لئے متبادل مقامات کی تلاش کریں۔ ایسے مقامات جو سیاحت کے لئے بہت زیادہ مقبول نہ ہوں ۔ ایسے مقامات پر کم رقم خرچ کر کے آپ سیاحت کا شوق پورا کر سکتے ہیں ۔
پبلک ٹرانسپورٹ کا انتخاب:۔
سیاحتی مقامات تک رسائی حاصل کرنے کے لئے ذاتی گاڑی استعمال کرنے کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔ اس سے نقل و حمل کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کی جا سکتی ہے ۔ سیاحت کے دوران زیادہ پیدل چلنے کی کوشش کریں۔ اس دوران کسی گاڑی یا موٹر سائیکل سے لفٹ بھی لی جا سکتی ہے ۔
یہ بھی پڑھیئے:۔
سستی رہائش کا انتخاب:۔
کسی ہوٹل میں ٹھہرنے کے بجائے Airbnb ,گیسٹ ہاؤس یا کسی ہاسٹل کا انتخاب کریں۔ ہاسٹل رقم کی بچت کے ساتھ ساتھ بہترین سماجی ماحول بھی فراہم کرتے ہیں ۔ اگر آپ نے رشتے داروں سے اچھے تعلقات بنا رکھے ہیں تو کسی کے گھر میں رھائش رکھنا بھی ایک اچھی آپشن ہو سکتی ہے ۔
مہنگے کھانوں سے اجتناب:۔
کھانے کے لئے کسی مہنگی جگہ کا انتخاب کرنے کے بجائے مقامی اور سستی جگہوں کا انتخاب کریں بلکہ کوشش کریں کہ مقامی بازار سے ایسی اشیاء خریدی جائیں جن کے ذریعے کھانا بنا کر پیک کر کے ساتھ رکھا جا سکے ۔
ٹکٹ کے بغیر رسائی حاصل ہونے والے مقامات:۔
ایسے پرکشش مقامات کو ترجیح دیں جہاں ٹکٹ کے بغیر رسائی ممکن ہو ، مثلا عجائب گھر،پارکس،ساحل سمندر پر تیراکی، قدرتی حسن کو دریافت کرنا وغیرہ۔
لائلٹی پروگرامز اور سٹوڈنٹ ڈسکاؤنٹ سے فائدہ اٹھائیں:۔
پوائنٹس حاصل کرنے اور خصوصی رعایت حاصل کرنے کے لیے ایئر لائنز اور ہوٹلز کے لائلٹی پروگرامز کے لیے سائن اپ کریں، اس کے علاوہ طلباء، بزرگوں،یا مخصوص عمر کے افراد کے لئے دستیاب رعایتوں سے فائدہ اٹھائیں۔
ٹریول ایپس کا استعمال کریں:۔
ٹریول ایپس کے ذریعے پروازوں،رہائشوں اور سیاحت سے متعلق دیگر سرگرمیوں کے لئے بہتر آپشنز تلاش کرنے میں مدد مل سکتی ہے
اضافی سامان رکھنے سے گریز:۔
صرف ضرورت کی اشیاء ساتھ رکھیں، اضافی سامان ساتھ لے جانے سے گریز کریں ۔ اس طرح پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے میں مدد ملے گی اور اضافی سامان کی فیس سے بچاؤ ممکن ہو سکے گا ۔
مقامی لوگوں سے مشورہ:۔
کھانے پینے اور دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے مقامی لوگوں سے تجاویز لیں ۔ مقامی لوگ آپ کے بجٹ کے موافق بہتر انداز میں اندرونی معلومات فراہم کر سکتے ہیں ۔
اپنی سوچ میں تھوڑی سی تبدیلی پیدا کر کے آپ اپنے خوابوں کے سفر کو حقیقت کا رنگ دے سکتے ہیں ۔ نئے تجربات کر سکتے ہیں ۔ اپنے سفر کی اچھی منصوبہ بندی کریں دنیا دیکھنے کے منفرد طریقے تلاش کریں ۔اور اپنی جمع پونجی ضائع کئے بغیر ایک یادگار سفر کا آغاز کریں۔