اپنے ماحول سے پوری طرح باخبر رہنے کے لئے اپنے دماغ کو پرسکون رکھیں۔ Keep your mind calm to be fully aware of your environment.
ایک شخص اپنی دُکان کھولے بیٹھا تھا کہ اس نےمحسوس کیا کہ اس کی بازو پر اس کی گھڑی موجود نہیں ۔ شاٸد کہیں گر گٸی تھی ۔ اس نے دُکان میں ادھر اُدھر تلاش کیا مگر گھڑی کہیں دکھاٸی نہ دی ۔
گھڑی اگرچہ بہت مہنگی تونہ تھی مگر کسی وجہ سے اس شخص کی اس سے جذباتی وابستگی تھی ۔ اس نے کافی دیرگھڑی تلاش کی مگر گھڑی نہ مل سکی ۔
قریب ہی گلی میں کچھ بچے کھیل رہے تھے ۔ اس نے انہیں بلایا اور ان سے گھڑی کی تلاش میں مدد کرنے کو کہا ۔ سب بچے ادھر اُدھرگھڑی تلاش کرنے لگے مگر جلد مایوس ہو کر لوٹ گٸے اور گھڑی نہ مل سکی ۔
تھوڑی دیر بعد ایک بچہ وہاں واپس آیا اور کہنے لگا ، جناب! مجھے ایک موقع دیں شاٸد میں آپ کی گھڑی تلاش کرنے میں کامیاب ہوجاٶں ۔
اس شخص نے کہا ، ہاں ضرور! کیوں ںنہیں ، تم ایک مرتبہ پھرکوشش کر دیکھو ۔
وہ بچہ دُکان کے اندر گیا اور تھوڑی ہی دیرمیں ہاتھ میں گھڑی پکڑے باہر آگیا ۔ دُکانداربہت خوش ہوا اور حیران بھی۔ اس نے بچے سے پوچھا کہ وہ آخر گھڑی کی تلاش میں کیسے کامیاب ہوا ؟
لڑکے نے جواب دیا ، ” میں نے زمین پر خاموشی سے بیٹھنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔ گھڑی کی ٹک ٹک سنی اور اسی سمت تلاش کرتے ہوۓ آگےبڑھا اور گھڑی مجھے مل گٸی “۔
ہمارادماغ بھی اکثر نیے خیالات کی تلاش کے لیےاسی طرح کام کرتا ہے ۔ ایک پرسکون دماغ آپ کو کوٸی کام شروع کرنے سےپہلے سوچنے کے قابل بناتا ہے جس سےنہ صرف آپ کا وقت اور تواناٸی کی بچت ہوتی ہے بلکہ آپ کٸی طرح کی مشکلات کا شکار ہونے سےبھی بچ جاتے ہیں ۔
پر سکون دماغ ایک خیال سے دوسرے خیال کی طرف اندھا دھند چھلانگیں نہیں لگاتا اورنہ ہی ہرخیال کی پیروی کرتا ہے بلکہ وہ اس قابل ہوتا ہے کہ یہ فیصلہ کر سکے کہ کس بات کےمتعلق غور وفکر کرنا ہے اور کس کے بارے میں نہیں۔
جب ایک شخص روز مرّہ کی الجھنوں کا سامنا کرتے ہوۓ پر سکون رہنا سیکھ لے تو کہا جا سکتا ہے کہ وہ شخص ایک پر سکون دماغ کا مالک ہے ۔
پرسکون دماغ میں بے چینی، گھبراہٹ اور خوف کو سر اٹھانے کا موقع نہیں ملتا ۔
پرسکون دماغ پرسکون سمندر کی طرح ہوتا ہے متلاطم سمندر میں محفوظ اور پرسکون سفرممکن نہیں ہوتا ۔ اسی طرح بے چین خیالات اونچی لہروں کی طرح ہوتے ہیں جو آپ کو توجہ مرکوز کرنے یا واضح طور پر سوچنے کی اجازت نہیں دیتے ۔ اسی طرح جب سمندر کی لہریں پرسکون ہو جائیں تو محفوظ اور خوشگوار سفر سے لطف اندوز ہوا جا سکتا ہے اسی طرح جب دماغ کی بے چینی دور ہو جائے تو آپ واضح طور پر سوچ سکتےہیں ۔
پرسکون دماغ ، پریشان کن خیالات کو دماغ میں داخل ہونے سے روکتا ہے ۔ پریشانیاں تناو اور منفی سوچ ایک زنجیر کی طرح دماغ کو باندھ دیتی ہے ۔
پرسکون رہنے سے بے معنی خیالات سے دماغ کو نجات مل جاتی ہے۔ جس طرح بادلوں کے چھٹ جانے سے آپ شفاف نیلے آسمان کو دیکھنے کے قابل ہو جاتے ہیں اسی طرح لایعنی خیالات کی دھند چھٹنے سے عقل ابھرتی ہے اور آپ سکون اور خوشی کی کیفیت کو برقرار رکھ سکتے ہیں ۔
ہر روز اپنے دماغ کو چند منٹ کی خاموشی کی اجازت دیں اور دیکھیں کہ یہ آپ کی الجھنوں کے حل کتنی تیزی سے تلاش کرتا ہے ۔