Benefits of Aloe Vera Gel. ایلوویرا جیل کے فواٸد

Benefits of Aloe Vera Gel.   ایلوویرا جیل کے فواٸد
ایلوویرا جیل بالوں اورجلد کی خوبصورتی کوبڑھانےمیں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

زمانۂ قدیم سے ایلوویرا جیل کو مختلف بیماریوں کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے ۔ یہ عملِ انہظام میں مدد دیتا ہے، فاٸدہ مند غذاٸی اجزا مہیا کرتا ہے ، قوتِ مدافعت کو بڑھاتا ہے اور چہرے جلد اور بالوں کی خوبصورتی کوبڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔

پودے سے ایلوویرا جیل حاصل کرنے کاطریقہ

پودے سے ایلوویرا جیل حاصل کرنے کے لیے ایسے پتے کا انتخاب کریں جوبظاہر موثا اور جیل سےبھرا ہوا دکھاٸی دے ۔ پتے کو جڑ کے قریب سےپکڑتے ہوۓچاقو سے کاٹ لیں پھر چاقو کی مددسے پتے کے کانٹے دار کنارے کاٹ لیں اور پتے کو لمباٸی کی جانب دو حصوں میں کھول لیں ۔ آخر میں چمچ کی مدد سے پتوں کے اوپر سےجیل کھرچ لیں اور ایک برتن میں جمع کر لیں اور برتن کو ڈھک کر فرج میں محفوظ کر لیں ۔

ایلوویرا کو جلد پر استعمال کرنے کے فواٸد

١ ۔ سن برن سے نجات دیتا ہے

سوزش سے نجات اور ٹھنڈک بخش خصوصیات کے ساتھ دھوپ سے جھلس جانے والی جلد کا بہترین علاج ہے ۔ یہ جلد کو ایک حفاظتی پرت مہیا کرتا ہے جو نمی کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے ۔ یہ اینٹی آکسیڈینٹ ہےاور معدنیات سےبھر پور ہوتا ہے جو شفایابی کے عمل کو تیز کرتا ہے اورجلد کی سوزش اور لالی کو کم کر کے سکون پہنچاتا ہے ۔

٢۔ موسچراٸزر

ایک موسچراٸزر کےطور پر استعمال کرنے پر یہ جلد پرچکناٸی کے نشان نہیں چھوڑتااور مسام بند کیے بغیر جلد کو نرم و ملاٸم بناتا ہے۔ ایلوویرا کو آفٹر شیو ٹریٹمنٹ کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ 

تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ایلوویرا کا عرق جلد کی نمی کو بہتر بنانے کےلیے ایک قدرتی مادہ ہے جو خشک جلد کے علاج کے علاوہ کاسمیٹک فارمولیشن میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے ۔

٣۔ زخم کی شفایابی کو تیز کرتا ہے

کٹے پھٹے اور جلنے سے پیدا شدہ زخموں کی جلد شفا یابی کے لیےمفید ہے ۔ 

٤۔ بڑھاپے کے اثرات کو کم کرتا ہے

چونکہ یہ وٹامن سی ، ای اور بیٹا کیروٹین سے مالا مال  ہے اس لیے یہ جلد سےبڑھاپےکے اثر کو کم کرتا ہے ۔ یہ اینٹی ماٸکروبیل خصوصیات اور سوزش اور داغوں کو ہلکاکرنے کی صلاحیت کے باعث جلد کو جوان رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔ محققین کے مطابق یہ جسم میں کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتا ہے اور صرف نوےدنوں میں جلدکی لچک کو بہتربناتا ہے ۔

٥۔ کیل مہاسوں سےنجات

جو لوگ کیل مہاسوں میں مبتلا رہتے ہیں انہیں ایلوویرا کی جینٹل کلینزنگ اور اینٹی ماٸکروبیل خصوصیات کو آزمانا چاہیے ۔ یہ شفا بخش جیل کٸی سطحوں پر کام کرتا ہے ۔ اس کی اینٹی بیکٹیریل ، اینٹی سیپٹک اور سوزش دور کرنے کی خصوصیات جلد کو بیکٹیریا اور دیگر پیتھوجینز سے بجاتی ہے جو انفیکشن اور سوزش کا باعث بنتے ہیں ۔اس میں گیبرلین اورپولیساکراٸڈزجیسے مادے ہوتے ہیں جو نٸے خلیوں کی نشوونما کو تیز کرتے ہیں جبکہ گلاٸکوپروٹین سوزش اور لالی کو کم کرتے ہیں ۔ ایلوویراجلد پر موجود مساموں کے سکڑنے میں مدد دیتا ہے جس سے گندگی اور جرثوموں کو باہر رکھنے میں مدد ملتی ہے ۔ آیورویدک ادویات میں ایلوویرا کو چنبل  اور ایگزیما کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے ۔

٦۔داغوں کو ہلکا کرتا ہے

جلد کے خلیوں کے ری پروڈکشن کے عمل کو تیز کرنے ، سوزش سےلڑنے اورجلد کی لالی کو کم کرنے کی صلاحیت کی وجہ سے ایلوویرا مہاسوں کے نشانات اور اسٹریچ مارکس کا بہترین علاج ہے ۔ لیموں کے رس کے اضافے کے ساتھ یہ بڑھتی عمر میں پیدا ہونے والے داغ دھبوں کو ہلکا کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

سر اوربالوں کے لٸے ایلوویرا کے فواٸد

١۔ صحت مند بالوں کی نشوونما میں مدد دیتا ہے 

ایلوویرا سر کی جلد میں اہم وٹامنز اور منرلز کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے اور بالوں کی بہترنشونما میں مدد گار ثابت ہوتا ہے ۔ اس میں پروٹولیٹک انزاٸم ہوتے ہیں جو سر کی مردہ جلد کے خلیوں کی مرمت کرتے ہیں ۔ یہ بالوں کی لچک کو بہتربنا کر اس کے نازک تاروں کوٹوٹنے سے بچاتا ہے۔

٢۔ خشکی کو روکتا ہے

خشکی کی کٸی وجوہات ہیں مثلاً خشک جلد ، فنگل انفیکشن یا جلد کی چکناٸی ۔ ایلوویرا ان تمام صورتِ حال میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ اس کی اینٹی ماٸکروبیل اور سوزش دور کرنے کی خصوصیات فنگس سے لڑتی ہیں جلد کو ہاٸیڈریٹ اور چکناٸی کو بیلنس کرتی ہیں ۔

٣۔ سر کی جلد اوربالوں کو موسچراٸز اور کنڈیشن کرتا ہے 

ایلوویرا سر کی جلد کو موسچراٸز کرتا ہے بالوں کو نرم اور کنڈیشن کرتا ہے ۔ اس کا باقاعدہ استعمال بالوں میں چمک اور زندگی بحال کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

چہرے جلد اوربالوں کی خوبصورتی کے لیے ایلوویرا کے استعمال کی تراکیب

١۔گرین ٹی اور ایلوویرا

یہ ٹونر بنانا بہت آسان ہے ۔صرف پانی سبز چاۓ اور ایلوویرا جیل کو بلینڈ کریں ۔ یہ جلد کےمسام ٹاٸٹ کرتا ہے ، زہریلے مادوں کو دور کر کے جلد کی سرخی کو کم کرتا ہے اور نمی بخشتا ہے ۔

٢۔آٸی میک اپ کی صفاٸی

کاجل اور آٸی لاٸنر کو صاف کرنا انتہاٸی مشکل ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ میں آنکھوں کی دیکھ بھال اور صفائی کے لیے استعمال ہونے والی مصنوعات میں سخت کیمیکل ہوتے ہیں اور یہ جلد کو انتہائی خشک کر سکتے ہیں اور آنکھوں کے نازک حصے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں ۔ ایلوویرا جیل اور زیتون کا تیل ہم وزن ملا کر رکھیں اور اس سے آنکھوں کامیک اپ صاف کریں۔

٣۔ شیونگ جیل

ماٸع کاسٹاٸل صابن ،گلیسرین، زیتون کا تیل ملا کر ایک بہترین شیونگ جیل تیار کیا جا سکتا ہے ۔

٤۔سکن براٸٹننگ سکرب

چینی ، ایلوویرا جیل اور لیموں کے رس کے سادہ سے آمیزے سے بہترین سکرب تیار کیا جا سکتا ہے۔

٥۔ فیس واش

ایلوویرا جیل ، جوجوبا آٸل ، ماٸع کاسٹاٸل صابن ، کاسمیٹک مٹی  اور اسینشل آٸل مکس کر کے ایسا فیس واش بنایا جاتا ہے جو چہرے کی تمام اقسام کے لیے موزوں ہے چاہےخشک جلد ہو چکنی یا پھر کامبینیشن ۔

٦۔ موسچراٸزر

مہکتی نرم وملاٸم کریم جو جلد کو تر و تازہ رکھتی ہے بنانے کے لیے آپ کو ایلوویرا جیل کے ساتھ میٹھے بادام کا تیل ، جوجوبا آٸل ،  ہنی ویکس ، اور اپنا پسندیدہ اسینشل آٸل چاہیے۔

        ٧۔ فیس ماسک

شہد میں ایلوویرا جیل ملا کر ایسا ماسک تیار کیا جاتا ہےجو شہد کی اینٹی بیکٹیریل صلاحیتوں کو ایلوویرا کی سوزش دور کرنے کی صلاحیت کے ساتھ جوڑ کر جلد کی سرخی ، سوزش اور خارش کو دور کرتا ہے ۔

٨ ۔ خشک جلد کے لیے کھیرے کا ماسک

بلینڈر میں کھیرا اور ایلوویرا جیل ڈال کر مکس کر لیں ۔ بیس منٹ تک چہرے پر لگارہنے دیں اور پھرٹھنڈے پانی سے دھوڈالیں ۔ یہ جلد کی خشکی دور کر کے جلدکو ٹاٸٹ کرتا ہے۔۔۔

٩۔ اینٹی ایجنگ ایلوویرا پیل آف ماسک

سبز چاۓ ، کیموماٸل چاۓ، ایلوویراجیل اور جیلیٹن کو ملا کر ماسک تیار کیا جاتا ہے جو چہرے کی نمی کو برقرار رکھتا ہے اور جھریوں کو کم کرتا ہے ۔

١٠۔ فٹ سکرب

دن بھر کے کام کےبعد اپنے تھکے ہوۓ پاٶں کو آرام دینے کے لیے ایلوویرا شوگر سکرب میں اپنی پسند کے اسینشل آٸل مکس کر کےمساج کریں۔

١١۔ انسٹنٹ آٸی لفٹ جیل

بڑھتی عمر کے ساتھ آنکھوں کے اوپر ڈھلکتی جلد اور پفی آٸز یعنی آنکھوں کےنیچے بنتے اوبھار دور کرنے کے لیے ایلوویرا جیل میں کھیرا اور وچ ہیزل آٸل ملا کر لگاٸیں ۔

١٢۔ ہیٸر جیل

اس سادہ گھریلو ہیٸر جیل سے اُڑے اُڑے بالوں کو قابو میں لاٸیں ۔ اس کے لیے صرف  تین اجزا درکار ہیں۔ ایلوویرا کا گودا ، بادام کا تیل اور زیتون کا تیل۔

١٣۔ ایلوویرا شیمپو

بالوں کی صحت کے لیے یہ شیمپو بہت مفید ہے ۔ اس کے اجزا میں ڈسٹلڈ واٹر ، ماٸع کاسٹاٸل صابن، ایلوویرا جیل، جوجوبا آٸل اور اسینشل آٸل شامل ہیں۔

١٤۔ ایلوویرا کنڈیشنر

لیموں ، ایلوویرا جیل اور اسینشل آٸل ملا کر خشک بالوں کےلیے ایک موثر  کنڈیشنر بنایا جاتا ہے۔

 

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (0 )