تصویر کا دوسرا رخ

تصویر کا دوسرا رخ

امیگریشن سے فارغ ہو کر وہ لاؤنج میں آ بیٹھی ۔ گھڑی دیکھی تو ابھی فلائیٹ کے آنے میں کافی وقت تھا ۔ بوریت سے بچنے کے لئے یونہی آتے جاتے مسافروں کا جائزہ لینے لگی ۔ 

جلد ہی اکتاہٹ اس پر غالب آنے لگی اور وہ اٹھ کر کینٹین کی جانب گئی ۔ واپسی پر اس کے ہاتھ میں ایک چائے کا کپ اور بسکٹ کا پیک تھا ۔ 

وہ واپس لاؤنج میں آ کر بیٹھ گئی ، چائے کا کپ اس نے ہاتھ میں تھام لیا اور بسکٹ کا پیک اپنے برابر رکھ دیا ۔ گرم چائے کا ایک گھونٹ لیتےہوئے ساتھ رکھے پیک سے ایک بسکٹ  نکال کر کھانے لگی ۔ جیسے ہی اس نے بسکٹ دانتوں تلے دبایا یہ دیکھ کر اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ برابر میں بیٹھے ایک نوجوان نے بھی بغیر اجازت پیک سے ایک بسکٹ نکالا اور کھانے لگا ۔ یہ حرکت اسے بری تو ضرور محسوس ہوئی مگر اس نے خاموش رہنا ہی مناسب محسوس کیا ۔ کچھ دیر بعد اسے محسوس ہوا کہ ہر مرتبہ جب وہ ایک بسکٹ نکال کر کھاتی تو وہ شخص بھی ایک بسکٹ نکال کر کھانے لگتا۔ اس نے غصے سے گھور کر کر دیکھا تو اس شخص نے ایک مربیانہ سی مسکراہٹ سے اس کی جانب دیکھا اور پھر بسکٹ کھانے میں مشغول ہو گیا ۔ وہ اس شخص کی ڈھٹائی پر حیران تھی ۔

اب پیکٹ میں صرف ایک بسکٹ بچا تھا اور وہ سوچ رہا تھی کہ اب یہ شخص کیا کرے گا ۔ اچانک اس شخص  نے پیکٹ میں ہاتھ ڈال کر بسکٹ نکالا دو ٹکڑے کیے ایک اسے تھما کر دوسرا اپنے منہ میں ڈال لیا ۔ وہ اس شخص کی بد تہذیبی پر حیران تھی جس نے اسے شکریہ کہنا بھی ضروری نہیں سمجھا تھا۔

اسی دوران سپیکر سےاناونسمنٹ ہونے لگی جس میں مسافروں کو مطلع کیا گیا تھا کہ ان کا جہاز روانگی کے لیے تیار ہے ۔ اس نے بیگ اٹھایا اور جہاز میں سوار ہونے کے لیے قطار میں کھڑی ہو گئی ۔ مطلوبہ نشست پر بیٹھ کر اس نے اپنا سامان سیٹ کیا اور جیسے ہی فون نکالنے کے لیے اپنے بیگ کی زیپ کھولی یہ دیکھ کر اس کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گیئں کہ اس کا خریدا ہوا بسکٹ کا پیکٹ تو اس کےبیگ کے اندر ہی موجود تھا ۔ 

یا خدا! کیا میں اس شخص کے پیک سے بسکٹ کھا رہی تھی؟ اس خیال سے شرمندگی کے مارے اس کے ماتھے پر پسینے کے ننھے ننھے قطرے جگمگانے لگے ۔ اسے اپنی سوچ اور حواس کی ناپختگی اور کم مائیگی کا شدت سے احساس ہوا ۔ ہم کسی منظر کو جس زاویے سے دیکھتے ہیں اسے ہی سچ سمجھ بیٹھتے ہیں تصویر کا دوسرا رخ دیکھنے کے لئے جرآت، ذہنی پختگی اور حوصلہ درکار ہوتا ہے ۔

 مزید پڑھیئے آنکھ میں ٹھہرا آنسو

 

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (2 )