بڑھتی عمر کے ساتھ آنکھوں  کی نگہداشت کیسے کی جائے How to take care of eyes as you age

عمر رسیدہ آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے آپ کیا کرسکتے ہیں

بڑھتی عمر کے ساتھ آنکھوں  کی نگہداشت کیسے کی جائے How to take care of eyes as you age

جیسا کہ کہاوت ہے،  آنکھیں روح کی کھڑکیاں ہیں۔  لیکن جیسے جیسے سال گزرتے جاتے ہیں یہ کھڑکیاں ابر آلود ہوتی جاتی ہیں ، عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بصارت میں بتدریج تبدیلیاں ہونا معمول کی بات ہے لیکن اگر یہ تبدیلیاں اچانک ہوں تو یقینا کسی طبی مسئلے کی علامت ہو سکتی ہیں جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

جیسے جیسے آپ کی سالگرہ کے کیک پر موم بتیوں کی تعداد بڑھتی ہے، اسی طرح آپ کی آنکھوں سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھتا ہے۔ لیکن ایسی بہت سی  چیزیں ہیں جو آپ اپنی عمر رسیدہ آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے کر سکتے ہیں۔ 

یہ جاننا کہ کون سی چیزیں آپ کی بصارت پر اثر انداز ہوتی ہیں اور علامات کی بہتر شناخت کیسے کی جائے یہ آپ کی آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کا ایک مؤثر ترین طریقہ ہے۔ 

درج ذیل اقدامات آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

کام کے دوران ہر 20 منٹ بعد آنکھوں کو آرام دیں

اگر آپ کوئی ایسا کام کرتے ہیں جہاں آپ  تمام دن کمپیوٹر اسکرین کو دیکھتے ہیں، تو شاید آپ پہلے سے ہی آنکھوں کی تھکاوٹ اور تناؤ سے واقف ہوں گے جو بعض اوقات عارضی طور پر دھندلے پن کا سبب بنتی ہے۔  ایسا کام کرنے والوں کو چاہیے کہ کم از کم ہر 20 منٹ بعد آنکھوں کوآرام دیں اور کچھ دیر کے لئے آنکھوں کو بند کر کے کرسی کی پشت پر سر کو ٹکائیں ۔ کام کے دوران نیلی روشنی کو روکنے والی عینک بھی ضرور استعمال کریں ۔

حفاظتی چشمہ پہنیں 

 اگر آپ باہر کام کرتے ہیں جہاں سورج آپ کی آنکھوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ یا کسی ایسی جگہ پر ہوں جہاں چیزیں آپ کی آنکھوں میں جانےکا خدشہ  ہو تومناسب حفاظتی چشمہ پہننا یقینی بنائیں اور کسی بھی چوٹ لگنے کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں ۔ 

آنکھوں کی بیماریوں سے متعلق اپنی خاندانی تاریخ کو مت بھولیں۔ 

آنکھوں کی 350 سے زائد بیماریاں ہیں۔ جو موروثی سمجھی جاتی ہیں۔ اگرچہ آپ اپنی جینیات کو تبدیل نہیں کر سکتے ہیں، لیکن ان کے بارے میں آگاہ ہونے سے آپ کو علامات کی نشاندہی کرنے اور احتیاطی نگہداشت کرنے میں مدد ملے گی۔ 

اپنی آنکھیں اکثر چیک کروائیں۔

عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنی آنکھوں کا معائنہ باقاعدگی سے کروائیں تاکہ بروقت آنکھوں  سے متعلقہ بیماریوں کی نشاندہی ہو سکے ۔

امریکن اکیڈمی آف اوپتھلمولوجی کے مطابق 65 سال کی عمر کے بعد سال میں کم از کم ایک مرتبہ آنکھوں کا معائنہ ضرور کروانا چاہیے۔  عمر سے متعلقہ آنکھوں کے مسائل جیسے موتیابند، ذیابیطس ریٹینوپیتھی، گلوکوما اور میکولر ڈیجنریشن کی شناخت ایک ماہر امراض چشم جلد کرسکتا ہے۔ 

مناسب چشمہ پہنیں۔

سورج کی شعاعیں آنکھوں کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہیں اور آپ کی بینائی کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اس لئے دھوپ میں نکلتے ہوئے مناسب ٹوپی اور دھوپ کا چشمہ استعمال کریں۔

صحت بخش خوراک کا استعمال کریں

 آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے ایسی خوراک کے استعمال کی ضرورت ہوتی ہے جو جسم کو وہ تمام غذائی اجزاء فراہم کرنے میں مدد دے  جس کی اسے آنکھوں کی بہترین صحت کے لیے ضرورت ہے۔ اس میں بادام، بروکولی، گاجر، انڈے، کیوی، پتوں والی سبزیاں، سالمن اور سورج مکھی کے بیج جیسی چیزیں شامل ہیں جنہیں کھانے میں شامل کرنا آسان ہے۔ ایک مناسب غذا صحت مند خون پیدا کرنے، خون میں گلوکوز مقدار کو مناسب حد میں رکھنے اورمناسب جسمانی وزن کوبرقرار رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے، جس سے ذیابیطس کا خطرہ کم ہوتا ہےاور ذیابیطس کے باعث پیدا ہونے والے اندھے پن کو 90 فیصد تک روکا جا سکتا ہے ۔

 

 

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (0 )