خراب تعلقات آپ کی صحت کو متاثر کرتے ہیں Bad relationships affect your health

خراب تعلقات آپ کی صحت کو متاثر کرتے ہیں  Bad relationships affect your health
صحت مندانہ تعلقات کی بنیادباہمی اعتماد اور احترام پر ہے

آپ  نے اکثر سنا ہوگا کہ تعلقات آپ کی صحت کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہوتے ہیں اور ان کا آپ کی صحت پر بہت اثر پڑتا ہے ۔ عام طور پر تو یہ بات درست بھی ہے سوائے اس کے کہ جب آپس کے تعلقات خراب ہو جائیں مثلاً طلاق  کے مسائل , سخت گیر والدین یا دھوکے باز دوستوں کا سامنا وغیرہ ۔

اگر کوئی شخص ہماری زندگی میں مسائل پیدا کرتا ہے تو ہماری صحت پر اس کے اثرات ضرور ظاہر ہوتے ہیں ۔ بہت سے لوگوں کو یہ احساس نہیں ہوتا کہ آپس کے بُرے تعلقات صحت کے لئے اتنے ہی نقصان دہ ہو سکتے ہیں جتنا کہ فاسٹفوڈ ۔

 غیر صحت مندانہ تعلقات کی کئی شکلیں ہو سکتی ہیں جیسا کہ دفتری کولیگ , دوست یا خاندان کے افراد کے ساتھ بُرے تعلقات ہونا ۔ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ وہ کون سا مقام ہے جہاں تعلقات آپ کی صحت اور زندگی کے لئے خطرہ بن چکے ہیں۔

  آئیے اس کی کچھ علامات کا جائزہ لیتے ہیں ۔

 

شدید اور غیر متوقع طرزِ عمل

اگر آپ اپنے کسی ساتھی کے شدید اور غیر متوقع طرزِ عمل کا سامنا کرتے ہیں تو یقیناً آپ ایسے تعلق میں سکون محسوس نہیں کرتے ۔ کسی شخص کا غیر متوقع طرزِ عمل آپ کو پریشان اور خوفزدہ کر سکتا ہے ۔ یہ صورتحال اور بھی پریشان کن ہو سکتی ہے جب وہ شخص آپ کے ساتھ مسلسل رابطے میں بھی رہنا چاہے اور دباؤ برقرار رکھنے کیلئے دھمکیوں کا بھی سہارا لے ۔

رقابت

رقابت ایک فطری جذبہ ہے اور اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ اگر ہمارا کوئی ساتھی ایسا محسوس کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ ہمارے بارے میں پیار یا شفقت کے جذبات رکھتا ہے مگر اس جذبے کو بنیاد بنا کر اگر کوئی آپ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرے یا اپنے ناپسندیدہ احساسات کا الزام آپ پر لگانے لگے تب یہ رشتہ یقیناً اپنی حدود سے تجاوز کر جاتا ہے اور غیر صحت مندانہ حدود میں داخل ہو جاتا ہے ۔

اپنے فائدے کیلئے دوسروں کا استعمال

جب آپ کے گرد موجود رشتے صرف اپنے جذبات کو اہمیت دیں اور آپ کو وہ سب کرنے پر مجبور کریں جو آپ کرنا نہیں چاہتے. آپ کی سوچ اور طرزِ زندگی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں .ان کے خیال میں اس بات کو یقینی بنانا آپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمیشہ خوش رہیں ۔

جذبات کو ٹھیس پہنچانا

آپ کے گرد رہنے والے لوگ اگر آپ کی کمزور قوتِ فیصلہ , خود اعتمادی کی کمی یا حسِ مزاح کی کمی کی وجہ سے آپ کا مذاق اڑانے لگیں اور آپ کو یہ محسوس کرانے لگیں کہ آپ خود فیصلہ کرنے کے قابل نہیں اس لئے اس کا اختیار انہیں دے دیں تو یقیناً یہ آپ کے لئے خطرے کا مقام ہے

تنہا کرنے کی کوشش

اگر آپ کا ساتھی آپ کو اپنے خاندان یا دوستوں سے دور کرنے کی کوشش کرے تو یقیناً یہ غیر صحت مندانہ تعلق کی علامت ہے۔ اگر آپ کا ساتھی یہ دعویٰ کرے کہ وہ بہتر سمجھتا ہے کہ کس سے ملنا آپ کے لئے نقصان دہ ہو سکتا ہے اور یہ کہ وہ یہ سب آپ کی بھلائی کے لئے کر رہا ہے تو یہ آپ کی قوتِ فیصلہ پر ایک بڑا سوال ہے ۔

 

مضر اثرات

 

دائمی تناؤ 

 ماہرین نے 105درمیانی عمر کے لوگوں کے کارٹیسول کی سطح اور بلڈ پریشر کی پیمائش کی پتا چلا کہ ازدواجی تناؤ کا سامنا کرنے والے لوگوں میں صبح کے وقت کارٹیسول کی سطح زیادہ ہوتی ہے اور دن کے دورانیے کے وسط میں بلڈ پریشر زیادہ ہوتا ہے

 

قلبی بیماریوں میں اضافے کا خطرہ 

ہائی بلڈ پریشر اور کارٹیسول کی سطح میں اضافے سے قلبی امراض میں اضافے کے خدشات بھی بڑھ جاتے ہیں. 2007 کے ایک مطالعے میں 900 مرد اور خواتین کی صحت پر نگاہ رکھی گئی اور پتا چلا کہ جن لوگوں نے ناخوشگوار تعلقات کی اطلاع دی ان میں دوسروں کی نسبت 34 فیصد زیادہ امراضِ قلب ہونے کا خطرہ موجود تھا

 

دماغی صحت 

تنقید اور تضحیک جیسے منفی طرزِعمل سے پیدا ہونے والے دائمی دباؤ کے باعث دماغی صحت متاثر ہوتی ہے. مطالعے سے پتا چلا ہے کہ اکثر اوقات ہنگامہ خیز تعلقات رکھنے والے لوگ تنہا لوگوں کی نسبت زیادہ ذہنی مسائل کا شکار ہوتے ہیں

 

صحت مندانہ تعلق کی بنیاد باہمی اعتماد اور احترام پر ہے. یہ آپ کی زندگی میں تناؤ کی بجائے خوشی لاتا ہے ۔ اگرچہ کوئی بھی رشتہ خوشگوار ہم آہنگی پر مستقل طور پر قائم نہیں رہتا    اور اس میں اتار چڑھاؤ ضرور آتے ہیں لیکن اُن علامات پر دھیان دینا ازحد ضروری ہے جو آپ کی صحت پر اثرات مرتب کرنے لگیں ۔

 

 
CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (0 )