انسانوں کے ساتھ وقت گزاریں، آلات کے ساتھ نہیں

انسانوں کے ساتھ وقت گزاریں، آلات کے ساتھ نہیں

ایک روز انٹرنیٹ پر باپ اور بیٹے کے درمیان ہونے والا ایک دلچسپ مکالمہ پڑھنے کا اتفاق ہوا جو کئی لوگوں کے لئے دلچسپی کا باعث ہو گا۔

میں اپنے والد کے ساتھ بینک گیا ۔ انہیں کچھ رقم کسی کو منتقل کرنا تھی۔ اس کام میں تقریبا ایک گھنٹہ لگا گیا ۔۔ انتظار کی اس کیفیت سے میں بیزار ہو گیا اور میں نے اپنے والد صاحب کو مشورہ دیا کہ وہ انٹرنیٹ بینکنگ ایکٹیویٹ کیوں نہیں کروا لیتے ؟

اچھا ! مگر ایسا کرنے سے مجھے کیا فائدہ ہو گا؟ انہوں نے استفسار کیا۔

آپ کو رقم کی منتقلی کے لیے ایک گھنٹہ بینک میں نہیں گزارنا پڑے گا ۔آپ آن لائن خریداری بھی کر سکتے ہیں ۔اس طرح آپ کے بہت سے کام آسان ہو جائیں گے۔

میں بہت پرجوش انداز سے نیٹ بینکنگ کے فوائد گنوا رہا تھا ۔

“اگر میں نے نیٹ بینکنگ آن کروا لی تو مجھے گھر سے باہر نہیں نکلنا پڑے گا ؟” انہوں نے پوچھا ۔

ہاں ہاں! میں نے کہا ” آپ کے دروازے پر گروسری ڈلیور کروائی جا سکتے ہے اور  ایمازون یا اس جیسی دوسری ویب سائٹس کے ذریعے گھر بیٹھے خریداری کر سکتے ہیں “۔

یہ سن کر انہوں نے جو جواب دیا اس نے میری سوچ کے انداز کو یکسر تبدیل کر دیا ۔

انہوں نے کہا،

جب میں بینک میں داخل ہوا تو میری اپنے چار دوستوں سے ملاقات ہوئی ۔ کچھ دیر سٹاف ممبرز سے بات ہوئی جو اب مجھے اچھی طرح جانتے ہیں۔ چونکہ اب میں اکیلا ہوں تو یہ وہ کمپنی ہے جس کی مجھے ضرورت ہے ۔ میں تیار ہو کر بینک آتا ہوں اور اپنا کام کرتا ہوں ۔

دو سال پہلے جب میں بیمار ہوا تو وہ پھل والا میری خیریت دریافت کرنے آیا جس سے میں باقاعدگی سے پھل خریدنے جاتا ہوں ۔

کچھ روز پہلے جب تمھاری والدہ صبح کی سیر کے دوران گر گٸی تھیں تو ہمارے مقامی سبزی فروش نے انھیں دیکھ لیا اور فورا انہیں گھر پہنچا دیا کیونکہ وہ جانتا تھا کہ ان کا گھر کہاں ہے۔

اگر سب کچھ آن لائن ہو جائے تو کیا میں انسانی تعلقات اور میل جول سے حاصل ہونے والے فوائد سے محروم نہ ہو جاؤں گا۔

میں ہر گز یہ نہیں چاہوں گا کہ مجھے ہر چیز گھر کے دروازے پر فراہم کر دی جائے اور میں صرف اپنے کمپیوٹر سے ہی بات چیت کرنے پر مجبور ہو جاؤں۔

میں اس شخص کو جانتا ہوں جس سے میں معاملہ کر رہا ہوں ۔ اس طرح خریدنے اور بیچنے والے کے درمیان ایک رشتہ اور تعلق قائم ہو جاتا ہے ۔ کیا ایمازون یہ سب دے سکتا ہے؟

 

جب آپ اپنے اردگرد کے لوگوں کے ساتھ اپنا معیاری وقت گزارنا شروع کر دیتے ہیں تو وہ آپ کا خیال رکھنے لگتے ہیں۔  اس کے علاوہ، اگر آپ مصیبت میں ہیں، اگر آپ بیمار پڑتے ہیں، اگر آپ کے خاندان کو مدد کی ضرورت ہے، تو وہ آپ کی مدد کے لیے حاضر ہوں گے۔  اس سے آپ کو ذہنی اور جسمانی سکون ملتا ہے۔  لیکن اگر آپ اپنے کمرے سے باہر کسی سے تعلق نہیں رکھتےتوجب آپ کو کسی کی ضرورت ہو گی تو آپ کو اپنے ارد گرد صرف اپنے گیمز، موبائل، لیپ ٹاپ نظر آئیں گے۔  جو یقینی طور پر آپ کو گلے لگانے کی کوشش نہیں کریں گی، اورتب آپ کو یہ محسوس ہوگا کہ آپ اکیلے ہیں

دراصل ٹیکنالوجی ہمیں سہولیات فراہم کرتی ہے تاکہ ہم اپنے پیاروں کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں اور اپنے زیادہ اہم کاموں کو زیادہ وقت دے سکیں مگر بدقسمتی سے ہم میں سے بہت سے لوگ ٹیکنالوجی کے غلام بن جاتے ہیں۔

ایک بہتر اور معیاری زندگی گزارنے کے لئے اپنے آلات اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائیں مگر انہیں اپنی زندگی پر قابو نہ پانے دیں۔

ٹیکنالوجی زندگی نہیں ہے، انسانوں کے ساتھ وقت گزاریں آلات کے ساتھ نہیں۔

۔

 

 

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (0 )