کیا مختلف جاندار وقت کا تجربہ مختلف رفتار سے کرتے ہیں؟ Do different organisms experience time at different speeds?
اگرچہ مکھیوں کو ان کے چھوٹے دماغ کی وجہ سے بیوقوف سمجھا جاتا ہے لیکن اگر آپ اسے مارنے کی کوشش کریں تو وہ ہمیشہ ہی آپ کے حملے کو ناکام بنا دیتی ہے اور اپنی 28 روزہ زندگی مکمل کرنے کے لئے بچ نکلتی ہے۔
کبھی آپ نے غور کیا کہ اس کی کیا وجہ ہے؟
دراصل، مکھی کے نقطہ نظر سے، آپ نہایت سست رفتار میں آگے بڑھ رہے ہوتے ہیں، اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ہر نوع وقت کا تجربہ مختلف طریقے سے کرتی ہے۔
تمام جانور، بشمول انسان، اپنے گرد ہونے والی حرکات کوایک ہموار فلم کی صورت میں دیکھتے ہیں ۔ دماغ آنکھ کے ذریعے بھیجی گئی انفرادی تصویروں کو فی سیکنڈ ایک مقررہ شرح سےایک دوسرے کے ساتھ جوڑتا ہے ، اور
جس شرح سے یہ عمل ہوتا ہے اسے “فلکر-فیوژن فریکوئنسی” کہا جاتا ہے، جس کی پیمائش اس بات کا تعین کرکے کی جاتی ہے کہ کسی جانور کوایک نظارہ تسلسل سے دکھانے کے لئے دماغ کتنی تیزی سے تصاویر کو پروسس کرتا ہے، یہ سب کچھ اس وقت ہوتا ہے جب دماغ فوٹو ریسیپٹرز سے بھیجے گئے سگنلز کو گراف کرتا ہے۔
معلوم ہوا کہ یہ شرح ہر جانور کے لیے مختلف ہے۔ عام اصول یہ ہے: جتنی چھوٹی انواع ہوتی ہیں اتنی ہی تیز نظر رکھتی ہیں۔
انسان ایک سیکنڈ میں تقریباً 60 تصویری فلیشز دیکھتے ہیں جبکہ مکھیاں تقریباً 250 دیکھتی ہیں – جو انسانوں سے چار گنا زیادہ تیز ہوتی ہیں۔
درحقیقت، اڑنے والے جانوروں کی اکثریت، انسانوں کے مقابلے میں تیز بصارت رکھتے ہیں – ممکنہ طور پر اس لیے کہ وہ اپنی جان بچانے کے لئے تیزی سے رد عمل ظاہر کرسکیں ۔
یورپ میں مکھیوں کی ایک ایسی قسم پائی جاتی ہے جو ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں دوسری مکھیوں کے گرد کئی چکر لگا کر اسے مار گراتی ہے۔ اسے قاتل مکھی کہا جاتا ہے۔
قاتل مکھی اتنی تیز کیوں ہوتی ہے؟ اس کی آنکھوں میں روشنی کا پتا لگانے والے خلیات دیگر مکھیوں کے مقابلے میں زیادہ مائٹوکونڈریا پر مشتمل ہوتے ہیں “، اور یہ اس کے سپر چارج شدہ وژن کو طاقت دیتا ہےاور اس کیڑے کے لیے، وقت اضافی سست رفتار میں چلتا ہے – یہ انسانوں کے مقابلے میں تقریباً چھ گنا سست ہوتا ہے۔
جمہوریہ آئرلینڈ میں ٹرنٹی کالج ڈبلن کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر اینڈریو جیکسن کے مطابق،
، ہمارے مقابلے میں، مکھیاں بنیادی طور پر اپنے گرد ہونے والے واقعات کو سست رفتار میں دیکھتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر ہم ، ٹک ٹک کرتی گھڑی پر ایک نظر ڈالیں تو بحیثیت انسان، آپ دیکھتے ہیں کہ گھڑی ایک خاص رفتار سے ٹک ٹک کرتی ہے۔ لیکن کچھوے کے لیے یہ اس سے دوگنی رفتار سے ٹک ٹک کرتا دکھائی دے گا۔ مکھیوں کی زیادہ تر اقسام کے لیے، ہر ٹک ٹک تقریباً چار گنا زیادہ آہستہ آہستہ رفتار میں چلتی دکھائی دے گی ۔ درحقیقت، وقت کی رفتار انواع کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے۔
ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ جانور اپنے اردگرد کی دنیا کو ایک مسلسل ویڈیو کی طرح دیکھتے ہیں۔ لیکن حقیقت میں، وہ آنکھوں سے دماغ تک بھیجی جانے والی تصاویر کو ایک سیکنڈ میں ایک مخصوص تعداد میں الگ الگ فلیشز کی شکل میں دکھائی دیتی ہیں۔ انسان اوسطاً فی سیکنڈ 60 فلیشز دیکھتے ہیں، کچھوے 15 اور مکھیاں 250۔
اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ میٹابولک ریٹ جانوروں کی وقت کو سمجھنے کی صلاحیت پر اثر انداز ہوتا ہے۔ چھوٹے سائز کے جانور (جیسے مکھیاں)، جن کا میٹابولک ریٹ تیز ہوتا ہے، بڑے سائز کے جانوروں جن کا میٹابولک ریٹ سست ہوتا ہے،کے مقابلے میں زیادہ آہستہ وقت کا تجربہ کرتے ہیں۔
یہاں یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ جس طرح کچھ مکھیاں دوسری مکھیوں کے مقابلے میں وقت کا تجربہ زیادہ تیز رفتاری سے کرتی ہیں اسی طرح انسان کچھ انسان بھی دوسرے انسانوں کی نسبت وقت کا تجربہ زیادہ تیز رفتاری سے کر سکتے ہیں؟
دیکھا گیا ہے کہ ہماری عمر بڑھنے کے ساتھ وقت کی رفتار بھی تیز ہو جاتی ہے اور بچوں کے لئے وقت بڑوں کے مقابلے میں آہستہ رفتار سے چلتا ہے۔ چونکہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ فلکر فیوثن فریکوئنسی کا تعلق وقت کے احساس سے ہوتا ہے اور یہ وقت کے ساتھ بدلتا رہتا ہے اس لئے بچوں میں یہ زیادہ تیز ہو سکتا ہے۔