استعمال شدہ ٹی بیگ ہر گز مت پھینکیں

چائے کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے لیکن ٹی بیگ کی ایجاد 1908 میں اس وقت ہوئی جب نیو یارک کے ایک تاجر تھومس سلیوان نے گاہکوں کو ریشم کی تھیلیوں میں چائے کے نمونے بھیجے۔ انہوں نے غلط اندازہ لگایا اور پوری تھیلی کو یو نہی گرم پانی میں رکھ دیا ۔ اس طرح ٹی بیگ کے استعمال کا آغاز ہوا ۔

ہم ٹی بیگز استعمال کرتے ہیں اور استعمال کے بعد انہیں ڈسٹ بن کی نظر کر دیتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان ٹی بیگز کے بہت سے مفید استعمال ہیں ۔ اگلی مرتبہ آپ جب ٹی بیگ استعمال کریں تو انہیں پھینکنے سے پہلے غور کر لیں شاید آپ انہیں کسی مفید کام کے لئے استعمال کر سکیں ۔

اپنے بدبودار قالینوں کو خشبو سے مہکائیں

پاؤں پر موجود مٹی اور پسینہ قالینوں کو بدبودار بنا دیتا ہے ۔ چائے پینے کے بعد ٹی بیگ کو کھولیں اور اس میں موجود نامیاتی مادے کو خشک کریں اور پھر اسے قالینوں پر پھیلا دیں اور ویکیوم کلینر کی مدد سے صاف کر لیں ۔ قالین کو صاف کرنے اور مہکانے کا یہ ایک آسان اور فوری طریقہ ہے ۔

چہرے کی جلد اور رنگت جواں کریں

استعمال شدہ ٹی بیگ کے نامیاتی مادے کو ایک برتن میں ڈالیں اس میں ایک چمچ شہد مکس کریں اور سرکلر موشن کے ذریعے چہرے پر لگائیں ۔ پانچ منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر دھو ڈالیں ۔ زندگی سے بھرپور  چمکتی رنگت کا لطف اٹھائیں۔

آنکھوں کی سوجن کو کم کریں

دو عدد ٹی بیگز کو گرم پانی میں بھگو دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر لیں۔ ہلکا سا نچوڑ کر آنکھوں پر رکھیں ۔ پانچ منٹ تک آنکھیں بند کر کے لیٹیں ۔ پانچ منٹ بعد ٹی بیگز اٹھا دیں ۔ آپ آنکھوں کی سوجن میں واضح کمی دیکھیں گے ۔

سن برن کی تکلیف کو کم کریں

آنکھوں کی سوجن کے طریقہ علاج کی طرح ٹی بیگز کو گرم پانی میں بھگو لیں اور پھر فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کر لیں ۔ جہاں سن برن ہوا ہے وہاں رکھ کر دبائیں۔ آپ ٹی بیگ کی بجائے کسی کپڑے کو چائے کے مائع میں ڈبو کر بھی لگا سکتے ہیں ۔

یہ طریقہ علاج کیڑے کے کاٹنے کی صورت میں درد کم کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔

چاولوں کے ذائقے کو بڑھائیں

چاولوں یا دالوں کے ذائقے کو بڑھانے کے لئے مختلف فلیور کے ٹی بیگ استعمال کئے جا سکتے ہیں ۔ چاول پکانے کے دوران ابلتے ہانی میں پانچ منٹ کے لئے ٹی بیگ کو اس میں ڈالیں اور نکال لیں ۔ چاولوں کےذائقے کے ساتھ ساتھ اس کی خشبو میں بھی اضافہ ہو جائے گا ۔

بالوں کی صفائی کے لئے

اپنے بالوں کوخوبصورت اور چمکدار بنانے کےلئے استعمال شدہ ٹی بیگز استعمال کریں ۔ دو یا تین ٹی بیگز کو گرم پانی میں بھگو دیں ۔ عام شیمپو سے سر دھونے کے بعد پانی جس میں ٹی بیگز بھگوڑے گئے تھے بالوں پر ڈال لیں ۔ بال نرم اور چمکدار ہو جائیں گے ۔

الماریوں میں رکھنے کے لئے خوشبودار ساشے

خشک کئے گئے ٹی بیگز پر اپنے پسند کےخوشبودار اسینشل آئل کے کچھ قطرے ڈالیں ۔ آپ ان ساشے کو الماریوں، درازوں یا لانڈری روم میں رکھ سکتے ہیں ۔

پودوں میں کھاد کے طور پر استعمال کریں

چائے کی پتیاں ایک نامیاتی مادے ہیں اس لئے انہیں باغبانی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ اس مقصد کے لئے چائے کی تھیلی کو ہٹا دیں اور پتی کو مٹی میں شامل کر دیں۔ چائے میں شامل ٹینک ایسڈ مٹی کے پی ایچ کو کم کرتا ہے اور تیزابیت کو بڑہاتا ہے جس سے گلاب اور دیگر پودے جن کی افزائش کے لئے تیزابی مادے مفید ہوتے ہیں ان کی افزائش بڑھتی ہے ۔

ہاتھوں کی صفائی کے لئے

لہسن ، مچھلی یا سگریٹ کی بو ہاتھوں میں رچ بس جاتی ہے اور بعض اوقات صابن سے ہاتھ دھونے سے بھی ختم نہیں ہوتی ۔ اس مقصد کے لئے ٹی بیگز کو ہاتھوں پر صابن کی طرح رگڑ کر ہاتھ دھوئیں۔ بو فورا دور ہو جائے گی ۔

برتنوں کے ضدی داغ دھبے دور کرنا

برتنوں کے ضدی داغ دھبے دور کرنے کے لئے برتن میں پانی ڈال کر اس میں ٹی بیگ ڈال کر کچھ دیر کے لئے چھوڑ دیں ۔ چائے میں ٹینک ایسڈ ہوتا ہے جو چکنائی کو توڑ دیتا ہے ۔ کچھ دیر بعد برتنوں کو دھو ڈالیں ، داغ دھبے آسانی سے ختم ہو جائیں گے ۔

CATEGORIES
TAGS
Share This

COMMENTS

Wordpress (0)
Disqus (0 )